Tuesday, April 21, 2026
 

غیر قانونی ادویات کی آن لائن فروخت اور تشہیر پر ڈریپ کا سخت نوٹس

 



ملک میں غیر قانونی ادویات کی آن لائن فروخت اور تشہیر پر ڈریپ نے سخت نوٹس لے لیا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات کی آن لائن تشہیر اور غیر قانونی فروخت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو متعلقہ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ اس درخواست میں ڈریپ کی جانب سے ادویات فروخت کرنے والے متعدد آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ ڈریپ کے مطابق بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی فروخت کو عوامی صحت کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے سوشل میڈیا اور ویب سائٹس پر نسخے کے بغیر ادویات کی تشہیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض کی ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف مائل کر رہے ہیں جبکہ بغیر اجازت ادویات کی تشہیر اور فروخت ڈرگ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ڈریپ کے مطابق غیر معیاری ادویات سنگین مضر اثرات اور جان لیوا پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہیں۔ ڈریپ حکام نے اشتہارات کے لیے پیشگی منظوری لازمی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں ڈریپ نے پی ٹی اے سے مطالبہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کے تعاون سے غیر قانونی ادویات کے اشتہارات فوری طور پر ہٹائے جائیں، جبکہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ آن لائن ذرائع سے ادویات خریدنے سے گریز کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل