Loading
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں گزشتہ روز اغوا کیے گئے پولیس کانسٹیبل ناظم کی لاش برآمد ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل اغوا ہونے والے کانسٹیبل ناظم اللہ کو فائرنگ کر کے شہید کیا گیا جبکہ اُن کی لاش ضلع باجوڑ اور مہمند کے سرحدی پہاڑی سلسلے سے ملی۔
شہید کانسٹیبل ناظم اللّٰہ کی نمازِ جنازہ تھانہ برنگ میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں ڈی ایس پی ہنر خان، ڈی ایس پی سعید الرحمن، ڈی ایس پی قابل شاہ سمیت پولیس افسران، جوانوں اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پولیس افسران نے کہا کہ شہداء پولیس قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
بعد ازاں شہید کانسٹیبل ناظم اللّٰہ کے جسدِ خاکی کو تدفین کیلئے ان کے آبائی گاؤں اصیل ترغاوں پہنچا کر سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید پولیس کانسٹیبل ناظم اللّٰہ کو گزشتہ روز گھر سے اپنی ڈیوٹی پوسٹ کی جانب جاتے ہوئے اغواء کیا گیا تھا، جسے بہیمانہ تشدد کے بعد فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل