Loading
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرہ فضل پیچوہو نے صوبے میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی پولیو بوسٹر مہم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔
کراچی میں سندھ سیکریٹریٹ میں منعقدہ مرکزی افتتاحی تقریب کے دوران وزیرِ صحت نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی اضافی خوراک (پولیو بوسٹر ڈوز) مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگھي، ای او سی کوآرڈینیٹر شہریار میمن اور محکمۂ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات نہایت اہم ہیں اور اس ضمن میں والدین کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ 4 سے 10 سال عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز لازمی دلوائیں تاکہ انہیں مستقل معذوری کے خطرے سے محفوظ بنایا جا سکے۔ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی اور حساس علاقوں تک رسائی کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس خصوصی مہم کے تحت کراچی کی 89 یو سیز سمیت مختلف اضلاع میں لاکھوں بچوں کو گھر گھر جا کر اور قائم کردہ مراکز پر پولیو سے بچاؤ کی اضافی خوراک (بوسٹر ڈوز) فراہم کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل