Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے رکن پنجاب اسمبلی کرنل (ریٹائرڈ) ایوب گادھی کے ڈیرہ پر فائرنگ کے واقعے پر اظہار تشویش و مذمت کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی جلد انکوائری مکمل کر کے ذمہ داران کا تعین کرنے اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات جاری کی۔
وزیراعظم نے کہا ایوب گادھی کا شمار مسلم لیگ کے محنتی کارکنوں میں ہوتا ہے، اپنے ڈیرے پر عوامی مسائل سنتے ہوے ان پر حملہ انتہائی قابل تشویش ہے۔
وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی، اللہ واقعے میں زخمی افراد کو جلد صحتیابی دے۔
پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تھانہ رجانہ کے علاقہ 184 گ ب میں مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر مسلح افراد نے دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایم پی اے سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے ڈیرے کو گھیر کر اچانک فائرنگ شروع کردی، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ضیغم عباس، ندیم، حقنواز اور خالق داد شامل ہیں۔
واقعے میں رکن صوبائی اسمبلی کرنل(ر) سردار ایوب گادھی، شہباز اور ریاض شدید زخمی ہوئے جنہیں تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کردیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور ڈی پی او ٹوبہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ ڈیرے اور اطراف میں سکیورٹی سخت کردی گئی جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سابق صوبائی وزیر ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر حملے کی مذمت کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل