Loading
وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ برس کے لیے نئے منصوبوں کی تجاویز پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین HEC ڈاکٹر نیاز احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے لیے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے جس سے نوجوانوں کے لیے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مختلف آسان قرضہ اسکیموں کو ایک چھتری تلے لانے کی ہدای کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کے لیے یوتھ پروگرام وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کرے، وزیراعظم نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
اجلاس کو وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارگردگی پر بریفنگ دی گئی ،اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام سے اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زائد ادارے رجسٹر ہوئے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 4800 سے زائد درخواستیں موصول ہورہی ہیں جن کی کڑی جانچ پڑتال کے بعد ان کی شمولیت یقینی بنائی جاتی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کاروبار و زراعت کے لیے آسان شرائط پر بطور قرض دیے جا چکے ہیں جس کی بدولت 9 لاکھ سے زائد روزگار کے موقع پیدا ہوئے جبکہ قرض اسکیم کے تحت دیے جانے والے ہر قرض کے عوض 3 سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈالیسینٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار ہو چکی ہے. اسی طرح ملک میں پہلی قومی یوتھ کونسل کا قیام، وزیرِ اعظم اسپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اجراء بھی ہوا۔
سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت رواں برس 4 لاکھ نوجوانوں نے اس میں حصہ لیا جس میں ملک کے محروم اور متوسط طبقوں کے نوجوانوں کو میرٹ پر اپنے ہنر دکھانے کا موقع ملا جس کا عملی مظاہرہ رواں برس پاکستان سپر لیگ میں اسی پروگرام کے تحت ابھر کر سامنے آنے والے کئی کھلاڑیوں کی شمولیت کی صورت ہوا، اجلاس کو یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں مکس مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای اسپورٹس کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل