Wednesday, May 13, 2026
 

کویتی فوج نے ایرانی کشتی پر حملہ کرکے 4 افراد کو تحویل میں لے لیا؛ عباس عراقچی

 



ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے الزام عائد کیا کہ کویت نے غیر قانونی طور پر ایک ایرانی کشتی پر حملہ کرکے چار ایرانی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ ایک ایسے جزیرے کے قریب پیش آیا جو امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور اس کارروائی کا مقصد خطے میں اختلافات اور کشیدگی پیدا کرنا ہے۔ دوسری جانب کویت نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے چار افراد کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ پاسداران انقلاب سے تعلق رکھتے ہیں اور سمندر کے راستے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔ کویتی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا تھا کہ یہ کارروائی یکم مئی کو کی گئی تھی جب کویتی بحری سکیورٹی اہلکاروں نے ماہی گیروں کی کشتی کو روکا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ اس کارروائی میں ایک کویتی فوجی زخمی بھی ہوا جب کہ گرفتار افراد نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ انھیں ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت میں دراندازی کا مشن سونپا تھا۔ دوسری جانب ایران نے کویت کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل