Thursday, May 14, 2026
 

پراپرٹی پر قبضے کیلیے پاکستانی نژاد امریکی خاتون قتل کیس؛ شوہر کی سزائے موت برقرار

 



پراپرٹی پر قبضے کے لیے پاکستانی نژاد امریکی خاتون قتل کیس میں عدالت نے شوہر کی سزائے موت برقرار رکھی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہ سواتی قتل کیس میں اہم عدالتی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں ہائی کورٹ نے قاتل شوہر رضوان حبیب کی سزائے موت برقرار رکھی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ مجرم شوہر نے گھناؤنا جرم کیا اور سزائے موت کا فیصلہ درست ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم شوہر رضوان حبیب نے امریکی خاتون کی اربوں روپے مالیت کی پراپرٹی پر قبضے کے لیے اپنی اہلیہ کو قتل کیا۔ مقدمے کے مطابق ملزم نے وجیہ سواتی کو دھوکے سے راضی نامے کے بہانے پاکستان بلوایا اور بعد ازاں تھانہ مورگاہ کے علاقے کوڑھی میں قتل کر دیا جبکہ لاش کو خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں گڑھے میں چھپا دیا گیا۔ کیس کی سماعت ڈویژن بینچ نے کی، جس میں جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس تنویر احمد شیخ شامل تھے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مجرم شوہر کو اس وقت تک پھانسی پر لٹکائے رکھا جائے جب تک اس کی موت واقع نہ ہو جائے۔ اس سے قبل مجرم رضوان حبیب کی پہلی سزائے موت کا کیس ہائی کورٹ نے واپس ٹرائل کے لیے بھیجا تھا، جس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے دوبارہ ملزم کو سزائے موت سنائی تھی۔ واضح رہے کہ تھانہ مورگاہ پولیس نے اکتوبر 2021 میں مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں مجرم کا سزا یافتہ شریک جرم والد بھی شامل تھا، جو جیل میں فوت ہو چکا ہے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر امریکی سفارت کاروں کی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل