Loading
فائبر، جسے غذائی ریشہ بھی کہا جاتا ہے، انسانی جسم کے لیے نہایت اہم جزو ہے جو ہاضمے کی بہتری سے لے کر وزن میں کمی، بلڈ شوگر کنٹرول اور کئی بیماریوں سے تحفظ تک متعدد فوائد فراہم کرتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، آنتوں کی حرکت منظم رکھتا ہے اور قبض جیسے مسائل سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فائبر کھانے کے بعد پیٹ بھرنے کا احساس بڑھاتا ہے، جس سے زیادہ کھانے کی خواہش کم ہو جاتی ہے اور وزن متوازن رہتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فائبر خون میں شوگر کی سطح کو مستحکم رکھنے میں بھی مددگار ہے، جو خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔ علاوہ ازیں فائبر کولیسٹرول کم کرکے دل کی بیماریوں کے خطرات میں بھی کمی لا سکتا ہے۔
کئی تحقیقی رپورٹس میں یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ فائبر آنتوں اور چھاتی کے بعض اقسام کے کینسر سے بچاؤ میں مدد دے سکتا ہے۔
بالغ افراد کے لیے روزانہ تقریباً 25 سے 30 گرام فائبر کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، جبکہ یہ مقدار عمر، جنس اور صحت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔
فائبر سے بھرپور غذاؤں میں پھل، سبزیاں، دالیں، ثابت اناج، گری دار میوے اور بیج شامل ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ پھلوں اور سبزیوں کو چھلکے سمیت کھایا جائے اور ناشتے میں دلیا یا گندم کی روٹی جیسی غذائیں شامل کی جائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل