Friday, May 15, 2026
 

کھانا ختم، جہاز کا گندا پانی پی رہے ہیں، صومالیہ میں یرغمال پاکستانی کی دلخراش ویڈیو سامنے آگئی

 



کراچی: صومالیہ کے بحری قذاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کی ایک اور ویڈیو منظرعام پر آگئی جس میں انہوں نے رہائی کی اپیل کی ہے۔ ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی ویڈیو میں آنر 25 بحری جہاز پر سوار سیکنڈ آفیسر کاشف عمر اورامین شمس نے انڈونیشیئن عملے کے ساتھ ویڈیو بنائی جس کے عقب میں اسلحہ بردار قذاق موجود ہے۔ کاشف عمر نے اپنی اور ساتھیوں کی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اغوا ہوئے 26 دن ہوچکے ہیں اور ہم لاعملم ہیں کہ رہائی کے لیے کیا بات چیت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہمارے پاس کھانے پینے کی اشیا ختم ہوچکی ہیں اور بحری قذاق 24 گھنٹوں میں کھانے کے لیے تھوڑے سے چاول دیتے ہیں جبکہ بحری جہاز کے ٹینک میں موجود گندا پانی پلایا جارہا ہے۔ کاشف عمر نے حکومت سے اپیل کی کہ ہماری التجا ہے کہ جلد سے جلد مذاکرات کیے جائیں تاکہ ہمارے رہائی ممکن ہوسکے۔ ویڈیو میں انڈونیشین عملے نے بھی اپنی حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ واضح رہے کہ 21 اپریل کو صومالی قزاقوں نے آنر 25 نامی جہاز کو یرغمال بنایا اور اب تک عملے کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی۔ صومالی قزاقوں نے حکومت پاکستان سے براہ راست بات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب تین روز قبل رکن اسمبلی معاذ محبوب نے سندھ اسمبلی میں یرغمال پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی کیلیے قرارداد جمع کرواکے آواز اٹھائی ہے۔ ایک روز قبل دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی شہری تاحال محفوظ ہیں اور انہیں خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ قزاق حکومت پاکستان کے بجائے مغویوں کے جہاز کے مالکان سے رابطے میں ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل