Sunday, May 17, 2026
 

پشاور: نئے صوبائی وزراء کی حلف برداری

 



پشاور میں گورنر ہاؤس میں نئے صوبائی وزراء کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نئے وزراء سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے والے وزراء میں شفیع جان، شکیل احمد، طارق محمود، نذیر عباسی اور عارف احمد زئی شامل ہیں۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام، سیاسی شخصیات اور دیگر نے شرکت کی۔ نامزد وزیر عدنان قادری ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے حلف نہ اٹھا سکے۔ نئے وزراء کی حلف برداری کے بعد ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جبکہ انہیں محکموں کے قلمدان بھی جلد سونپے جائیں گے۔ واضح رہے کہ شکیل احمد بھی نئے وزراء میں شامل ہیں جن کی کابینہ میں ایک مرتبہ پھر واپسی ہوئی ہے، وہ محمود خان اور پرویز خٹک کی کابینہ میں بھی ان اور آؤٹ ہوتے رہے ہیں۔ نو منتخب صوبائی وزیر شفیع جان کا بیان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ میں توسیع کردی ہے، شفیع جان نے کہا کہ نئے صوبائی وزراء نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے کابینہ میں بطور صوبائی وزیر ترقی پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ شفیع جان نے صوبائی کابینہ میں شامل نئے اراکین کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔ انہوں نے نذیر عباسی، شکیل احمد، محمد عارف، طارق محمود آریانی کو بھی کابینہ میں شمولیت اور حلف برداری پر مبارکباد دی۔ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں کابینہ اراکین صوبے کی ترقی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ شفیع جان نے کہا کہ کابینہ میں توسیع سے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور گڈ گورننس میں مزید بہتری آئے گی۔ عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اقدامات کا تسلسل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس کے اصولوں پر عمل پیرا ہے اور عوام کو گھر کی دہلیز پر سہولیات اور ریلیف کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کے عوام دوست وژن کے مطابق عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا اور صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھا جائے گا، عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل