Monday, May 18, 2026
 

اسلام آباد؛ گولڈ باکس اور جی ایل بی ایکس ایپس سے کروڑوں کا فراڈ، متاثرین کا کمپنی کیخلاف احتجاج

 



اسلام آباد میں ’’گولڈ باکس‘‘ اور ’’جی ایل بی ایکس‘  نامی ایپس کے ذریعے مبینہ طور پر کروڑوں روپے ہتھیانے کے معاملے پر متاثرین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی، جہاں مظاہرین نے کمپنی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور لوٹی گئی رقم واپس دلانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر پاکستانی شہریوں سے چار سے پانچ ارب روپے تک بٹورے گئے۔ متاثرین نے وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ متاثرین کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اس کیس میں تین غیر ملکی شہریوں اور ایک خاتون ملزمہ کو گرفتار کر رکھا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلیو ایریا اسلام آباد سے مبینہ فراڈ نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا۔ ابتدائی مقدمہ 270 متاثرین سے 13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد رقم وصول کرنے پر درج کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ اور دھوکا دہی سے متعلق دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ متاثرین کی تعداد اور مالی نقصان میں اضافے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل