Monday, May 18, 2026
 

بھارت میں ایک اور تاریخی مسجد مندر قرار، مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے فیصلے نے ہلچل مچادی

 



بھارت کی مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ایک اہم اور متنازع فیصلے میں تاریخی ’کمال مولہ مسجد‘ کو ہندو دیوی کا مندر قرار دے دیا، جس کے بعد علاقے میں سیاسی اور مذہبی بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کے شہر دھار میں واقع بھوج شالا کمپلیکس کئی دہائیوں سے ہندو اور مسلم برادری کے درمیان تنازع کا مرکز رہا ہے۔ مسلمان اس مقام کو کمال مولہ مسجد قرار دیتے ہیں جبکہ ہندو تنظیمیں دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ مسجد ایک قدیم مندر کی جگہ پر قائم کی گئی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ مقام دراصل ہندو دیوی واگ دیوی سے منسوب مندر ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو وہاں عبادت کی اجازت دے دی گئی۔ فیصلے کے بعد بڑی تعداد میں ہندو کارکن بھگوا جھنڈے لے کر مقام پر پہنچ گئے اور مذہبی رسومات ادا کیں جبکہ عارضی مورتی بھی نصب کی گئی۔ دوسری جانب مسلم کمیونٹی نے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی نسلوں سے اس مسجد میں عبادت کرتے آئے ہیں اور عدالت کا فیصلہ ان کے مذہبی حقوق کے خلاف ہے۔ 78 سالہ موذن محمد رفیق نے جو گزشتہ 50 برس سے مسجد میں اذان دیتے رہے ہیں انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایک دن ہماری مسجد ہم سے چھین لی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق عدالت نے آثارِ قدیمہ کے بھارتی ادارے ASI کی سروے رپورٹ کو بنیاد بنایا، تاہم کئی ماہرین تاریخ اور قانونی ماہرین نے اس سروے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ معروف مؤرخین کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ کے تحت تاریخی مقامات کی مذہبی حیثیت تبدیل کی جارہی ہے۔ بھارتی رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ بابری مسجد کیس کے بعد شروع ہونے والے سلسلے کی ایک اور کڑی ہے اور اس سے بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ 1992 میں بابری مسجد کی شہادت اور بعد ازاں رام مندر کی تعمیر کے بعد بھارت میں کئی تاریخی مساجد کے حوالے سے اسی نوعیت کے دعوے سامنے آچکے ہیں، جن میں گیان واپی مسجد اور شاہی عیدگاہ مسجد کے مقدمات بھی شامل ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل