Tuesday, May 19, 2026
 

ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات تیار کرنے والا ملزم گرفتار

 



ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے غیر قانونی ٹریول ایجنسی کے خلاف کی کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات تیار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف  کارروائی کرتے ہوئے صدر کراچی میں قائم غیر قانونی ٹریول ایجنسی ’ایم/ایس گولڈ ٹریول اینڈ ٹورز‘ پر چھاپہ مارا۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم محمد راشد کو گرفتار کرلیا گیا۔ چھاپے کے دوران 56 پاکستانی پاسپورٹس، جعلی و مشکوک ربڑ اسٹیمپس، مشتبہ جعلی بینک دستاویزات اور اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چینی بزنس ویزوں کے حصول کے لیے جعلی بینک اسٹیٹمنٹس، گارنٹی لیٹرز اور دیگر جعلی دستاویزات بھاری رقوم کے عوض تیار کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور جعلی دستاویزات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل