Thursday, May 21, 2026
 

فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے شریک ملزمان کو ریلیف مل گیا

 



بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے شریک ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لیں۔ بینکنگ کورٹ کے جج عبدالغفور کاکڑ نے کیس پر سماعت کی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے شریک ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از گرفتاری پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔ جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ چالان جو عدالت میں پیش کیا گیا ہے وہ مکمل چالان ہے؟ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ہم نے مکمل چالان ہی رجسٹرار آفس میں جمع کروایا تھا۔ جج نے ریمارکس دیے کہ چالان پر ملزمان کو نوٹسز کے حوالے سے میں دیکھ لیتا ہوں۔ پی ٹی آئی وکیل فتح اللہ برکی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے کہا کہ کیس کا چالان آگیا ہے کیا آپ بانی پی ٹی آئی کو طلب کر رہے ہیں۔ جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ ابھی دیکھ لیتا ہوں، ہو سکتا ہے اگلی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنی پڑے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔ بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل