Loading
آبنائے ہرمز کی بندش اور وہاں جاری کشیدگی کے دوران عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر میں خوفناک دھماکا ہوا ہے جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اس بات کی تصدیق بحری جہازوں کی سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے برطانوی ادارے 'یو کے میرین ٹریڈ آپریشنز نے کی اور مزید بتایا کہ یہ واقعہ خلیج عمان میں مسقط سے تقریبا 60 ناٹیکل میل مشرق میں پیش آیا۔
فوری طور پر دھماکے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا تاہم دھماکا باہر سے لگنے والی کسی چیز کے باعث ہوا۔ جہاز کا عملہ محفوظ ہے تاہم جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
جہاز کے کپتان نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے کے بعد کچھ بنکر فیول (امدادی ایندھن) سمندر میں بہنا شروع ہو گیا ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ جہاز کو کس نے اور کیوں نشانہ بنایا ہے جب کہ دھماکا کس چیز سے ہوا اس کی تحقیقات بھی ابھی جاری ہیں۔
تاہم اس واقعے سے محض چند گھنٹے قبل امریکی افواج نے ایران میں میزائل داغنے والی جگہوں اور ان کشتیوں پر رات گئے حملے کیے تھے جن کے بارے میں امریکی حکام کا دعویٰ تھا کہ وہ خلیجی پانیوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
یادرہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے پانیوں میں سمندری بارودی سرنگیں بچھائی ہوئی ہیں جب کہ امریکا نے بھی جواباً ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کی ہوئی ہے اور اس علاقے سے تیل و گیس کی ترسیل بمشکل ہو پا رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل