Loading
بن قاسم ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باپ کو قتل کرنے والے سنگدل بیٹے کو گرفتار کرلیا، گرفتار بیٹے نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 25 مئی کو بن قاسم ٹاؤن تھانے کے علاقے مری گوٹھ میں 47 سالہ لطف علی ولد غلام محمد کو گردن پر تیز دھار آلے کے وار قتل کر دیا گیا تھا جس پر ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔
گزشتہ روز، بن قاسم ٹاؤن پولیس نے ٹیکنیکل معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مقتول لطف علی ولد غلام محمد کے بیٹے عاطف ولد لطف علی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران بیٹے نے انکشاف کیا کہ واقعہ آپس کے گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم نے اپنے والد کے قتل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے عید سے قبل شاہ ٹاؤن سے آلہ قتل (چھری) خرید کر رکھی تھی۔ واقعے کے دوران مقتول نے اپنی جان بچانے اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزم نے بے دردی سے اپنے والد پر پے در پے وار کیے اور انہیں قتل کر دیا۔
دورانِ تفتیش بیٹے نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل