Tuesday, June 02, 2026
 

کراچی، خاتون کو نازیبا اشارے اور گھر میں گھس کر ہراساں کرنے والا پڑوسی گرفتار

 



شہر قائد میں رضویہ سوسائٹی پولیس نے جہانگیر آباد میں خاتون کو نازیبا اشارے اور گھر میں گھس کر ہراساں کرنے کے الزام میں پڑوسی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔  خاتون کی جانب سے گرفتار ملزم کی اپنے گھر کی کھڑکی سے خاتون کو نازیبا اشارے کرنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی مذکورہ واقعہ گزشتہ ماہ 30 مئی کی دوپہر پیش آیا تھا۔ جبکہ رضویہ پولیس نے مدعیہ ارم کی مدعیت مقدمہ نمبر 211 سال 2026 بجرم دفعات 354 ، 509 ، 427 ، 506 اور 504 کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔  مدعیہ کے مطابق ملزم اس کا پڑوسی ہے ، 30 مئی کو وہ گھر پر تھی تو یہ شخص اپنے گھر کی کھڑکی سے انگلیوں کے نازیبا ، گندے اشارے اور گالم گلوچ کر رہا تھا اور بعدازاں گھر کے دروازے پر آکر لاتیں مار کر توڑ دیا اور گھر میں داخل ہو کر میرا ہاتھ پکڑ لیا جس پر شور شرابہ کیا تو وہ وہاں سے بھاگ گیا۔  خاتون کو نازیبا اشارے کرنے والے گرفتار ملزم زبیر احمد کا بھی ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ 30 مئی کو بچوں میں جھگڑا ہوا تھا ، خاتون ارم (مدعیہ) اور ایک خاتون کی جانب سے بھی بداخلاقی کی گئی جبکہ میری جانب سے بھی بداخلاقی اور نازبیا اشارہ ہوگیا ، میں اپنے اس عمل پر شرمندہ ہوں اس کی معذرت و معافی چاہتا ہوں ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل