Loading
پنجاب میں آئندہ مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کرنے کی تاریخ پر تاحال اتفاق رائے نہیں ہو سکا جبکہ اس حوالے سے محکمہ خزانہ اور محکمہ قانون کے درمیان مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ 12 جون بروز جمعہ صوبے کا بجٹ پیش کرنے کا خواہاں ہے، تاہم محکمہ قانون نے بجٹ کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز دے دی ہے۔ محکمہ قانون کا مؤقف ہے کہ جمعہ کے روز سرکاری چھٹی ہونے کے باعث بجٹ پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ بجٹ پیش کرنے کی حتمی تاریخ کے تعین کے لیے مشاورت جاری ہے اور اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔
محکمہ قانون نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ بجٹ کے لیے پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب نہ کیا جائے بلکہ پنجاب اسمبلی کے معمول کے اجلاس میں ہی بجٹ پیش کیا جائے۔ محکمہ قانون کے مطابق معمول کے اجلاس میں زیر التوا بلز بھی منظور کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو 3 بلز منظور کرانا ہیں، اسی لیے محکمہ قانون نے سفارش کی ہے کہ اسمبلی کا معمول کا اجلاس طلب کیا جائے اور اسی اجلاس میں بجٹ پیش کرنے کے لیے ایک دن مختص کر لیا جائے۔
محکمہ قانون کا مؤقف ہے کہ بجٹ کے لیے بلائے گئے مخصوص اجلاس میں بلز کی منظوری ممکن نہیں ہوتی، اس لیے معمول کے اجلاس کا انعقاد زیادہ موزوں ہوگا۔
واضح رہے کہ بجٹ کی تاریخ اور اجلاس کی نوعیت سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل