Loading
ڈیفنس کے علاقے میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی واردات ٹریس کرتے ہوئے پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق عیدالاضحیٰ کے روز ہونے والی واردات باپ اور بیٹے نے مل کر منصوبہ بندی کے تحت انجام دی تھی، جس کے بعد ڈیفنس سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹبہ گوہاوا جنوبی چھاؤنی اور بھٹہ چوک کے علاقوں سے گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت جوزف مسیح عرف ساگر اور جمشید ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق پوش علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے لیے ملزمان نے منظم منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ وہ گوشت مانگنے والوں کا روپ دھار کر مختلف گھروں کی ریکی کرتے رہے اور گھروں کی بیل بجا کر رہائشیوں کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لیتے تھے۔
جس گھر سے کوئی جواب موصول نہ ہوتا، اسے واردات کے لیے ہدف بنایا جاتا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری کیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں، غیر ملکی کرنسی اور دیگر اشیا برآمد کر لی ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جوزف مسیح عرف ساگر چوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور نقب زنی کے 45 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل