Wednesday, June 03, 2026
 

انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا

 



جاپان میں جاری انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، گروپ مرحلے کے ایک اہم اور دلچسپ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ کاکامیگاہارا میں کھیلے گئے ہاکی میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ نے دو گول سکور کیے جبکہ عدیل، آسام اور محمد یحیی نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ بنگلادیش کی طرف سے تیرک اسلام اور منا اسلام نے ایک، ایک گول سکور کیا۔ پاکستان کے محمد یحیی کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔میچ کے دوران پاکستانی فارورڈز نے ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جبکہ مڈفیلڈ اور دفاعی کھلاڑیوں نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ تر وقت کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے نہ صرف سیمی فائنل میں جگہ بنالی بلکہ ٹائٹل کے مضبوط امیدوار کے طور پر بھی اپنے عزائم واضح کر دیے ہیں۔ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے 5 جون کو ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ٹیم اور مینجمنٹ کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ اسٹاف کی انتھک محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جونیئر ٹیم سیمی فائنل میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرے گی اور قومی ہاکی کے روشن مستقبل کی بنیاد مزید مضبوط بنائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل