Friday, June 05, 2026
 

گلگت بلتستان میں انتخابی معرکہ قریب آتے ہی سیاسی جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا

 



گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے قریب آتے ہی سیاسی درجہ حرارت عروج پر پہنچ گیا، مختلف جماعتیں حتمی معرکے سے قبل بھرپور جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ گلگت کے تین حلقے اس بار انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں جہاں سخت اور کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔ گلگت حلقہ ایک میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین ایڈوکیٹ اور مسلم لیگ ن کے محمد شفیق الدین کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے، جبکہ مجلس وحدت المسلمین کے محمد الیاس صدیقی اور استحکام پاکستان پارٹی کے سلطان رئیس بھی میدان میں موجود ہیں اور مضبوط چیلنج دینے کے لیے تیار ہیں۔ گلگت حلقہ دو میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان اور پیپلز پارٹی کے جمیل احمد کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ استحکام پاکستان پارٹی کے فتح اللہ خان اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار عتیق پیرزادہ بھی کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ گلگت حلقہ تین میں مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر محمد اقبال اور پیپلز پارٹی کے آفتاب حیدر کے درمیان مقابلہ متوقع ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے کیپٹن (ر) محمد شفیع اور پی ٹی آئی و مجلس وحدت المسلمین کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سہیل عباس بھی میدان میں موجود ہیں۔ مجموعی طور پر تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار فیصلہ کن مرحلے سے قبل جوڑ توڑ اور سیاسی حکمت عملی ترتیب دینے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے نگراں وزیر اطلاعات غلام عباس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے 24 حلقوں میں 7 جون کو شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں، الیکشن کمیشن کو فنڈز، سیکورٹی سمیت تمام سہولیات فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کیلئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اداروں سے نفری منگوائی ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے گلگت بلتستان انتخابات پرسکون ماحول میں منعقد ہوں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل