Loading
گلشنِ اقبال بلاک 13-ڈی تھری بلوچ گوٹھ میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
فوٹیج میں مسلح ملزمان کو بچوں اور نوجوانوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق 5 جون کو شام تقریباً 6 بجے بلوچ گوٹھ کی ایک گلی میں 3 نوجوان اور ایک بچہ موٹر سائیکل پر بیٹھے گفتگو کر رہے تھے کہ اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 نامعلوم مسلح افراد وہاں پہنچے۔
ملزمان نے اسلحہ کے زور پر بچوں اور نوجوانوں کو یرغمال بنا کر ان سے موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھین لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کرنے والے ملزمان کے چہرے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔ فوٹیج کے مطابق ملزمان واردات کے بعد اسی راستے سے باآسانی فرار ہو گئے، جہاں سے وہ آئے تھے۔
متاثرہ نوجوان عمر میاں داد نے واقعے کے حوالے سے گلشنِ اقبال تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہی ملزمان ہر دوسرے ہفتے اسی مقام پر وارداتیں کرتے ہیں، جس کے باعث علاقے کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل