Loading
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور متنازع فلم ’کالا ہرن‘ کے درمیان جاری قانونی تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں اب سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی بھی اس معاملے میں سامنے آگئی ہیں اور انہوں نے فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’کالا ہرن‘ کے پروڈیوسر امیت جانی نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد انہیں مسلسل دھمکی آمیز پیغامات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں انہیں غیر متوقع طور پر سومی علی کی حمایت حاصل ہوئی، جس نے اس تنازع کو مزید خبروں کی زینت بنا دیا۔
سومی علی نے امیت جانی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر فلم ساز کو اپنی پسند کے موضوع پر فلم بنانے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ صرف وہی لوگ دوسروں کو دھمکاتے یا حقائق سے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں جو خود کو قصوروار سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب سلمان خان کے قانونی نمائندوں نے فلم سازوں کو باقاعدہ نوٹس بھیجا ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم ’کالا ہرن‘ 1998 کے مشہور کالا ہرن کے شکار کیس سے متاثر معلوم ہوتی ہے اور اس میں سلمان خان کے شخصی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
سلمان خان کے وکیل کے مطابق مذکورہ مقدمہ اب بھی راجستھان ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے ایسے موضوع پر فلم بنانا نہ صرف اداکار کی ساکھ کو متاثر کر سکتا ہے بلکہ عدالتی کارروائی پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔
ادھر امیت جانی نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران انہیں ایک ہزار سے زائد دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ان کے بقول دھراوی سے جوگیشوری تک مختلف مقامات سے انہیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی، جبکہ ایک پیغام مبینہ طور پر ڈی کمپنی کے نام سے بھی موصول ہوا، تاہم وہ اس کی صداقت کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
واضح رہے کہ ’کالا ہرن‘ کی ہدایت کاری بھارت شری ناتے نے کی ہے جبکہ اسے امیت جانی نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہی ٹیم اس سے قبل ’اودے پور فائلز‘ بھی بنا چکی ہے، جو اودے پور کے درزی کنہیا لال کے قتل کے واقعے پر مبنی تھی۔ سلمان خان، فلم سازوں اور سومی علی کے درمیان پیدا ہونے والی یہ نئی لفظی جنگ اب سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل