Saturday, June 06, 2026
 

ملک کے بیشترعلاقوں میں اگلے ہفتے ہیٹ ویو کی پیشگوئی، کراچی میں پارہ 43 ڈگری تک جانے کا امکان

 



محکمہ موسمیات نے 7 جون سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب آئندہ آنے والے ہفتے کے دوران ہیٹ ویو کی صورت حال پیدا ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بتایا ہے کہ 8 جون کو فضا میں ہائی پریشر بننے کا امکان ہے جو کہ 11 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ 7  جون سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 8 سے 11 جون کے دوران پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح8  سے 10 جون کے دوران چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات 8 سے 10 جون کے دوران اسلام آباد ، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میر پور، بھمبر ، کوٹلی، باغ اور مظفر آباد کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ پنجاب میں 8  سے 11 جون کے دوران لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، جوہر آباد، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 سے 12 جون کے دوران سکھر، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجوداڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹگی، خیر پور، نوشہرو فیروز، سبی، تربت اور پنجگور کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ  کراچی میں 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرم موسم متوقع ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی صورت حال کے پیش نظر عوام الناس خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل