Sunday, June 07, 2026
 

شمالی کوریا کا دوٹوک اعلان: ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا

 



پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بااثر بہن کم یو جونگ نے واضح اعلان کیا ہے کہ ملک کا جوہری پروگرام اور ایٹمی طاقت کی حیثیت کسی بھی صورت قابلِ مذاکرات نہیں ہے۔ سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق کم یو جونگ نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کی جوہری طاقت کی حیثیت "مکمل طور پر ناقابلِ مذاکرات" ہے اور ملک اپنی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی صدر شی جن پنگ پیر سے شمالی کوریا کا دو روزہ سرکاری دورہ شروع کر رہے ہیں۔ گزشتہ سات برسوں میں یہ شی جن پنگ کا شمالی کوریا کا پہلا دورہ ہوگا۔ کم یو جونگ نے اپنے بیان میں امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اب بھی شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے دستبردار کرانے کے خواب دیکھ رہا ہے، جو حقیقت سے دور اور پرانا مؤقف ہے۔ انہوں نے امریکی دعوے کو بھی مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ حالیہ چین امریکا سربراہی ملاقات کے دوران شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مشترکہ ہدف پر اتفاق کیا گیا تھا۔ کم یو جونگ کے مطابق یہ دعویٰ "غلط معلومات" پر مبنی ہے۔ شمالی کوریا نے 2023 میں اپنی ایٹمی حیثیت کو آئین کا حصہ بنا دیا تھا اور اس کے بعد سے پیانگ یانگ بارہا خود کو "ناقابلِ واپسی جوہری ریاست" قرار دیتا رہا ہے۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ایک بڑے اسلحہ ساز کارخانے کا دورہ بھی کیا اور میزائلوں کی پیداوار میں اضافے کی ہدایت جاری کی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق انہوں نے ملکی دفاعی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم یو جونگ کا تازہ بیان اس بات کا اشارہ ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام پر کسی بھی قسم کے بین الاقوامی دباؤ یا مذاکراتی مطالبات کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں اور اپنی دفاعی حکمت عملی کو مزید آگے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود اپنے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو مسلسل وسعت دے رہا ہے، جس پر امریکا اور اس کے اتحادی ممالک بارہا تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل