Loading
کرن جوہر کی متوقع فلم ’دوستانہ 2‘ ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی ہے اور اس بار فلم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب ہدایتکار ادویت چندن نے پراجیکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کو پہلے ہی اس وقت بڑا نقصان پہنچا تھا جب اداکار کارتک آریان نے منصوبے سے علیحدگی اختیار کی تھی، جس کے بعد پروجیکٹ عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ اداکارہ جھانوی کپور بھی اس فلم کا حصہ نہیں رہیں۔
اب تازہ رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فلم نے اپنی ہدایتکار ٹیم بھی کھو دی ہے۔ معروف انٹرنیشنل پورٹل ورائٹی انڈیا کے مطابق ادویت چندن نے تقریباً سات ماہ تک فلم کی تیاری پر کام کرنے کے بعد ذاتی اور تخلیقی اختلافات کے باعث اس سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے فیصلے کے پیچھے کوئی بڑا تنازع نہیں تھا، تاہم تخلیقی سوچ میں اختلافات نے انہیں اس منصوبے سے الگ ہونے پر مجبور کیا۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کے لیے سینی شیٹی کو مرکزی کردار کے لیے فائنل کر لیا گیا ہے، جو اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کریں گی۔ سینی شیٹی 2022 کی مس انڈیا ورلڈ رہ چکی ہیں اور اب وہ اس بڑے پراجیکٹ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔
کہانی کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ’دوستانہ 2‘ دو بہن بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک ہی شخص سے محبت میں مبتلا ہوجاتے ہیں، جس کے نتیجے میں رومانوی الجھنوں، مزاح اور کنفیوژن سے بھرپور کہانی جنم لیتی ہے۔
اس سے قبل اداکار وکراںت میسی نے ایک انٹرویو میں فلم میں اپنی شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کرن جوہر کے پروڈکشن ہاؤس کے ساتھ اپنی پہلی فلم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب کچھ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ اداکار لکشیا اس پراجیکٹ کا حصہ نہیں رہیں گے، جبکہ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے تاحال فلم کی مکمل کاسٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
یوں ’دوستانہ 2‘ اپنے آغاز سے ہی مسلسل تبدیلیوں اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، تاہم فلم کے مداح اب بھی اس کے حتمی اعلان اور ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل