Wednesday, June 10, 2026
 

امریکا سفارتی عمل کو نقصان پہنچا رہا ہے، ضرورت پڑی تو دشمن کو بھرپور جواب دیں گے, ایران

 



ایران نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے اس کی مسلح افواج کسی بھی ضروری کارروائی سے گریز نہیں کریں گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اپنے متضاد بیانات، پالیسیوں میں بار بار تبدیلی اور جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے ذریعے سفارتی عمل کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ سفارت کاری کسی خلا میں نہیں ہوتی بلکہ اس کے مؤثر ہونے کے لیے سازگار حالات کا موجود ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق جب ایک جانب مذاکرات کی بات کی جائے اور دوسری جانب جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ ایرانی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل بھی لبنان میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کرکے مذاکراتی ماحول کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال اور غیر قانونی اقدامات کے باعث کسی بھی سفارتی عمل کو آگے بڑھانا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران کے لیے سفارت کاری اور میدانِ جنگ ایک دوسرے سے الگ نہیں ہیں بلکہ دونوں ملک کے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے ذرائع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خارجہ پالیسی اور دفاعی حکمت عملی کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ رکھتا ہے۔ ایرانی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کویت، بحرین اور اردن میں کیے گئے حملوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے معاملے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جہاں بھی ضرورت محسوس ہوئی، ایرانی افواج دشمن کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ جواب دیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل