Loading
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک وائرل پوسٹ میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ گھریلو ایل پی جی سلنڈروں پر درج "A-26" یا "D-26" جیسے کوڈ دراصل ان کی ایکسپائری ڈیٹ کو ظاہر کرتے ہیں اور ایسے سلنڈروں کا استعمال خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے عوام کو درست معلومات فراہم کی ہیں۔
وائرل پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ اگر کسی سلنڈر پر A-26 یا D-26 جیسا کوڈ درج ہو تو اس کا مطلب ہے کہ وہ 2026 میں اپنی مدت پوری کر لے گا، جبکہ اس کے بعد اس کے استعمال سے دھماکے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ پوسٹ میں صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا گیا تھا کہ گیس بھرواتے وقت سلنڈر کی باڈی پر درج ان کوڈز کو ضرور چیک کریں۔
اوگرا کی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے کارپوریٹ و میڈیا امور عظمیٰ اشفاق نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں ایل پی جی سلنڈروں پر A-26 یا D-26 جیسے کوڈز ایکسپائری ڈیٹ ظاہر کرنے کے لیے استعمال نہیں کیے جاتے۔ ان کے مطابق سلنڈروں پر ابھری ہوئی تحریر کی صورت میں مختلف تکنیکی معلومات درج ہوتی ہیں جن میں تاریخِ تیاری، تیار کنندہ کا نام، کمپنی کی تفصیلات، سیریل نمبر، بیچ نمبر، وزن، پانی کی گنجائش اور آئندہ معائنے کی تاریخ شامل ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں تیار ہونے والے ایل پی جی سلنڈر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیارات، جن میں DOT 4B، DOT 4BW اور DOT 4BA شامل ہیں، کے مطابق بنائے جاتے ہیں۔ ان معیارات پر پورا اترنے والے سلنڈر مناسب استعمال اور باقاعدہ جانچ کے ساتھ محفوظ تصور کیے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بھی تصدیق کی کہ اوگرا سے منظور شدہ مینوفیکچررز کے تیار کردہ سلنڈر متعدد حفاظتی مراحل سے گزرنے کے بعد مارکیٹ میں آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری سلنڈر عام حالات میں اچانک نہیں پھٹتے، البتہ ان کی مقررہ وقفوں سے جانچ اور مرمتِ نو ضروری ہوتی ہے، جس میں ہر پانچ سال بعد لازمی معائنہ بھی شامل ہے۔
عرفان کھوکھر نے خبردار کیا کہ اصل خطرہ غیر معیاری اور اوگرا سے غیر منظور شدہ سلنڈروں سے ہو سکتا ہے، کیونکہ ایسے سلنڈر حفاظتی تقاضوں پر پورا نہیں اترتے اور صارفین کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
ماہرین اور حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی اس اطلاع میں کوئی حقیقت نہیں کہ A-26 یا D-26 جیسے نشانات سلنڈر کی ایکسپائری ڈیٹ ظاہر کرتے ہیں۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے رہنمائی حاصل کریں اور صرف منظور شدہ اور معیاری ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل