Tuesday, June 16, 2026
 

لاہور وزیر خزانہ پنجاب اسمبلی میں صوبائی بجٹ پیش کر رہے ہیں

 



وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ اسمبلی میں شجاع الرحمان صوبائی بجٹ پیش کر رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایک گھنٹہ چالیس منٹ کی تاخیر سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا اور ایوان میں داخل ہوتے ہی نعرے بازی شروع کر دی۔ اپوزیشن ارکان نے "شرم کرو، حیا کرو، خان کو رہا کرو" کے نعرے لگائے جبکہ ان کے ہاتھوں میں عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر مبنی پلے کارڈز بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے احتجاج میں شدت پیدا کر دی اور اپنی نشستوں سے اٹھ کر اسپیکر ڈائس کے قریب وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے کھڑی ہوگئی۔ اپوزیشن ارکان نے "جعلی بجٹ نامنظور، نامنظور" کے نعرے بھی لگائے۔ حکومت کی جانب سے پیپر لیس اجلاس کے انعقاد کے باوجود اپوزیشن ارکان اپنے ساتھ کاغذات لے کر آئے تھے۔ وزیر خزانہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاجاً کاغذات پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیے، جس سے اجلاس کا ماحول خاصا ہنگامہ خیز رہا۔ قبل ازیں پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال کے بجٹ سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے مالیاتی اہداف اور بجٹ تجاویز پر تفصیلی بحث کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں بجٹ میں شامل مختلف سفارشات کا جائزہ لیا گیا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن سے متعلق تجاویز بھی زیر غور رہیں۔ اجلاس کے شرکا بجٹ کی مختلف شقوں اور ان کے ممکنہ اثرات پر تبادلہ خیال کرتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کابینہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد بجٹ کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اسمبلی اراکین کو بڑی تعداد میں پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی شرکت کا بھی امکان ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل