Loading
ناروے میں ولی عہد شہزادی میٹ میرٹ کے بیٹے 29 سالہ ماریئس بورگ ہوئیبی کو جنسی زیادتی کے دو مقدمات میں مجموعی طور پر 4 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فیصلہ ایک طویل عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آیا جس نے ناروے میں شاہی خاندان سے جڑے افراد کے احتساب اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے وسیع بحث چھیڑ دی۔
ماریئس بورگ ہوئیبی کو پہلی بار اگست 2024 میں اوسلو کے پوش علاقے فروگنر میں گھریلو تشدد کے ایک واقعے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے بعد پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا تھا۔
بعد ازاں حکام نے ان کے خلاف مجموعی طور پر تقریباً 40 مختلف الزامات کی تحقیقات کیں، جن میں جنسی جرائم، ریپ کے الزامات، منشیات سے متعلق مقدمات اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں شامل تھیں۔ تاہم تمام الزامات عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے اور بالآخر دو جنسی زیادتی کے مقدمات میں سزا سنائی گئی۔
پراسیکیوٹرز نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ ملزم کو سات سال اور سات ماہ قید کی سزا دی جائے اور اس پر پانچ لاکھ 80 ہزار نارویجن کرونر جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔ تاہم عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد چار سال قید کی سزا سنانے کا فیصلہ کیا۔
ماریئس بورگ ہوئیبی کے حقیقی والد کا نام مورٹن بورگ تھا جو مختلف جرائم میں جیل بھی گئے تھے جس کے بعد میٹ مریٹ کی ملاقات ناروے کے ولی عہد شہزادہ ہاکون سے ہوئی اور 1999 میں گہری دوستی ہوئی۔
میٹ مریٹ نے 2001 میں ناروے کے ولی عہد سے شادی کی لیکن میٹ مریٹ نے اپنے غیر ازدواجی تعلق سے پیدا ہونے والے بیٹے کو بھی اپنے ساتھ شاہی خاندان میں ہی رکھا۔
تاہم ماریئس بورگ ہوئیبی کے پاس کوئی شاہی خطاب یا لقب نہیں دیا گیا اور نہ ہی وہ ناروے کے شاہی دربار کے باضابطہ رکن شمار ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2024 کے وسط میں ماریئس بورگ ہوئیبی نے عوامی طور پر تسلیم کیا تھا کہ وہ شراب اور کوکین کے نشے میں اُس وقت کی گرل فرینڈ پر تشدد کر بیٹھے تھے اور ان کے اپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کی تھی۔
البتہ ان کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ماریئس بورگ ہوئیبی عصمت دری کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ وہ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
ماریئس بورگ ہوئیبی 13 جنوری 1997 کو ناروے کے شہر کرسٹیان سینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ناروے کی ولی عہد شہزادی میٹ میرٹ اور ان کے سابق ساتھی مورٹن بورگ کے بیٹے ہیں۔
ماریئس بورگ ہوئیبی کی پیدائش اس وقت ہوئی جب میٹ میرٹ اور ان کے پارٹنر مورٹن بورگ کی شادی نہیں ہوئی تھی تاہم دونوں نے بعد میں بھی شادی نہیں کی اور علیحدہ ہوگئے تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل