Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایران-امریکا جنگ سے پہلی والی سطح پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول پر عائد لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے۔
یوپی موڑ نارتھ کراچی ضلع شمالی اور لاسی گوٹھ بھٹائی چوک ضلع گڈاپ میں جماعت اسلامی کے تحت جاری ملک گیر ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی صوبائی حکومت کی شکل میں وڈیرے اور جاگیردار کراچی کے وسائل پر قابض ہیں اور شہر کی ترقی کے لیے کچھ خرچ نہیں کرتے،کراچی 40 سال سے عذاب کا شکار ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے شہر کو تباہ و برباد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھتہ خوری، بوری بند لاشوں سے شہر کی شناخت بگاڑی گئی ، سپریم کورٹ نے 259 افراد کو زندہ جلانے والے قاتلوں کو بری تو کردیا لیکن ان کے گھرانوں کو انصاف نہ مل سکا، اعتراف جرم میں ایک فرد کا یہ بیان موجود ہے کہ میں نے ایسا گناہ کیا ہے کہ مجھے نیند نہیں آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ بھی بتائے کہ اسے آخر بھتہ خور، سسٹم چلانے والے اور کرپشن ہی کیوں پسند ہے، اسٹبلشمنٹ کے لوگوں کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی جیسے لوگ کیوں پسند نہیں آتے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے سوا کسی پارٹی نے بھی آواز نہیں اٹھائی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں واحد توانا آواز تھی جس کی جدوجہد کے نتیجے میں حکومت پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہوئی، عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے باوجود اب بھی پیٹرول مہنگا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 225روپے فی لیٹر کی جائے اور لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے، ایران اور امریکا جنگ کے وقت پیٹرول کی قیمتیں 260 کے قریب تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اشیائے خورد و نوش سمیت تمام اشیا پر ٹیکس دے رہے ہیں، حالات کی بہتری کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنے اور اپنے سروں پر سے جاگیرداروں اور وڈیروں کو ہٹانے کی ضرورت ہے، کراچی کے عوام ایسے لوگوں کو اپنی صفوں میں شامل نہ ہونے دیں جو شہریوں کا استحصال کرتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے اختیارات و وسائل نہ دیے جانے کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نامساعد حالات میں کام کررہے ہیں، جماعت اسلامی کے نمائندے کام کرتے ہیں تو قابض مئیر کو پریشانی ہو جاتی ہے، ہمارے ٹاؤن چیئرمینوں کی کارکردگی قابض میئر کی کارکردگی سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل