Loading
کولمبیا نے ڈی آر کانگو کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔
گواڈالاخارا میں کھیلے گئے میچ میں کولمبیا کی جانب سے فیصلہ کن گول ڈینیئل مونوز نے دوسرے ہاف کے اختتامی مراحل میں اسکور کیا۔
میچ کے آغاز سے ہی کولمبیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور متعدد مواقع پیدا کیے تاہم ٹیم ابتدائی مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔
چوتھے منٹ میں مونوز کے پاس گول کرنے کا بہترین موقع تھا لیکن وہ کوشش کے باوجود اس میں کامیاب نہ ہوسکے۔
چند لمحوں بعد انہوں نے گیند جال میں پہنچائی بھی مگر آف سائیڈ قرار دیے جانے کے باعث گول تسلیم نہ کیا گیا۔
پہلے ہاف میں کولمبیا مسلسل دباؤ برقرار رکھے ہوئے تھی، لیکن ڈی آر کانگو کے گول کیپر لیونل ایمپاسی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو نقصان سے بچائے رکھا۔
وقفے کے بعد بھی کولمبیا کا غلبہ برقرار رہا لیکن لوئس ڈیاز سمیت کئی کھلاڑی اہم مواقع ضائع کر بیٹھے۔
بالآخر 76ویں منٹ میں مونوز کی شاٹ ڈی آر کانگو کے دفاعی کھلاڑی سے لگ کر سمت تبدیل کرتی ہوئی گول میں جا پہنچی۔
اس کامیابی کے بعد کولمبیا گروپ میں سرفہرست آگئی اور آخری 32 ٹیموں میں جگہ بنا لی جبکہ ڈی آر کانگو کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے اپنے آخری میچ میں ازبکستان کو شکست دینا ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل