Wednesday, June 24, 2026
 

کسٹمز کی کارروائیاں؛ 7 کروڑ سے زائد کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور اسمگل شدہ سامان ضبط

 



کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں 7 کروڑ روپے سے زائد  مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز کلیکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) حیدرآباد نے انسداد اسمگلنگ کی کارروائیاں کرتے ہوئے 7 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز کلیکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) حیدرآباد نے اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کو مزید موٴثر بناتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹیلی جنس پر مبنی کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، اسمگل شدہ عمومی اشیا اور پیٹرولیم مصنوعات ضبط کرلیں، جن کی مجموعی مالیت 77 ملین روپے سے زائد ہے۔ یہ کامیابیاں پاکستان کسٹمز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اسمگلنگ کے خاتمے، قانونی تجارت کے فروغ اور قومی محصولات کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران انفورسمنٹ ٹیموں نے 21 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں تحویل میں لیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 61 ملین روپے ہے۔ ضبط کی جانے والی گاڑیوں میں مسافر اور تجارتی دونوں اقسام کی گاڑیاں شامل تھیں۔ متعلقہ افراد ان گاڑیوں کی پاکستان میں قانونی درآمد ثابت کرنے کے لیے مطلوبہ کسٹمز دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث انہیں کسٹمز قوانین کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ یہ کارروائیاں اسمگل شدہ گاڑیوں کی غیر قانونی نقل و حرکت اور استعمال کے خلاف کلیکٹریٹ کی موٴثر نگرانی اور مستعدی کا مظہر ہیں۔  اس کے علاوہ کسٹمز انفورسمنٹ ٹیموں نے 6 اسمگل شدہ عمومی سامان کی کھیپیں بھی پکڑیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10.098 ملین روپے ہے۔ ضبط شدہ اشیا میں الیکٹرانک سامان، بھارتی ساختہ ممنوعہ گٹکا، صنعتی مصنوعات اور ٹیکسٹائل کا سامان شامل ہے، جنہیں کسٹمز ایکٹ 1969 اور دیگر متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسمگل کیا جا رہا تھا۔ اسی طرح اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف کارروائیوں میں بھی نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ اس دوران 2 کھیپیں ضبط کی گئیں، جن میں 15 ہزارلیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل اور اسمگل شدہ پیٹرول شامل تھا۔ ان پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی مالیت تقریباً 5.867 ملین روپے ہے۔  15 ہزار لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ضبطی خطے میں ایندھن کی اسمگلنگ کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے اور یہ پاکستان کسٹمز کی ان منظم نیٹ ورکس کے خلاف موٴثر کارروائیوں کا ثبوت ہے، جو قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے ہیں۔ تمام متعلقہ افراد کے خلاف کسٹمز ایکٹ 1969 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورکس کی نشاندہی اور ان کے خلاف مزید کارروائی کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ پاکستان کسٹمز ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ اسمگلنگ کارروائیوں کو مزید موٴثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ادارہ اسمگلنگ کی روک تھام، قانونی تجارت کے فروغ، قومی محصولات کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی اور انتظامی وسائل بروئے کار لاتا رہے گا تاکہ حکومتِ پاکستان کے معاشی استحکام اور اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول میں اپنا موٴثر کردار ادا کرتا رہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل