Wednesday, June 24, 2026
 

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر خاتون مسافر کی آف لوڈنگ پر تنازع، ایف آئی اے کی درخواست پر مقدمہ درج

 



نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کیے جانے کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا۔ خاتون مسافر نے آف لوڈ کیے جانے کی وجہ تحریری طور پر طلب کی اور اس دوران ویڈیو بنانے پر ایف آئی اے امیگریشن عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی، جس کے بعد خاتون کو کچھ دیر ایئرپورٹ پر روکے رکھا گیا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اٹک سے تعلق رکھنے والی مسماتہ تیمینہ بی بی عمرہ پر جانے کے لیے پہنچی جہاں امیگریشن کلیئرنس کے دوران امیگریشن حکام کی جانب سے ہوٹل بکنگ اور چند دستاویزات سے متعلق دریافت کیا گیا۔ خاتون مسافر امیگریشن حکام کو خاطر خواہ جواب نہ دے سکیں جس پر انھیں سکینڈ لائن کاؤنٹر کی جانب ریفر کر دیا گیا وہاں بھی انتظار کے بعد خاتون کو دستاویزات مکمل نہ ہونے کا کہہ کر آف لوڈ کر دیا گیا۔ خاتون نے وجہ پوچھی اور وجہ تحریری طور پر طلب کی تو امیگریشن عملے کی جانب سے مطمین نہ کیے جانے پر خاتون نے جیسے ہی موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو ایف آئی اے امیگریشن کے عملے اور خاتون میں جھگڑا شروع ہوگیا۔ امیگریشن حکام خاتون کو ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا کہتے رہے لیکن خاتون مسافر کا اصرار تھا کہ اس کو ڈی پورٹ کیے جانے کی وجہ تحریری طور دی جائے لیکن ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ اس پر تیار نہ ہوا اور خاتون کو لیڈیز اسٹاف کی مدد سے ایئرپورٹ پر ہی تحویل میں لے کر روکے رکھا۔ ایئرپورٹ پر دیگر حکام نے خاتون اور ایف آئی امیگریشن عملے کے درمیان معاملے حل کروانے کی بھی کوشش کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کی ہدایات پر ایف آئی اے امیگریشن کی خاتون سب انسپکٹر آنسہ طیبہ عفت نے خاتون مسافر کے خلاف استغاثہ تحریر کر دی۔ خاتون پر الزام عائد کیا گیا کہ آف لوڈ کیے جانے پر ویڈیو بنانے کی کوشش کی اور اسٹاف کو دھمکیاں دیں۔ امیگریشن حکام نے خاتون کو استغاثہ سمیت ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے ایف آئی اے امیگریشن کی خاتون آفیسر سب انسپکٹر آنسہ طیبہ عفت کی مدعیت میں خاتون مسافر کے خلاف 353/186 ت پ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ایئرپورٹ پولیس نے خاتون کو تھانہ ویمن راولپنڈی کی حوالات میں منتقل کر دیا، بتایا جاتا ہے کہ خاتون ٹیچنگ کے پیشے سے وابستہ رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر آئے روز مسافروں کی آف لوڈنگ اور ویڈیو بنانے کو بنیاد بنا کر مقدمات کے اندراج سامنے آ رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل