Loading
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے رویے کو نامناسب اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے قرارداد کے ذریعے پارلیمانی پارٹی کی رکنیت معطل کردی اور پارٹی سے نکالنے کا بھی مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمانی امور اور پارٹی نظم و ضبط کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے جانے والے وفد کے واقعے پر غور کیا گیا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں رکن قومی اسمبلی اقبال خان آفریدی کی جانب سے صاحبزادہ صبغت اللہ کے ساتھ نامناسب رویے کی شدید مذمت کی گئی اور پارلیمانی پارٹی نے اقبال خان آفریدی کے رویے کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس کے شرکا نے اقبال آفریدی کے خلاف ماضی کی شکایات کا بھی ذکر کیا، متفقہ قرارداد کے ذریعے اقبال خان آفریدی کی پارلیمانی پارٹی رکنیت معطل کردی گئی۔
پارلیمانی پارٹی نے اقبال خان آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اپنے ارکان سے پارلیمانی روایات اور نظم و ضبط کی پابندی کی توقع رکھتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پارٹی وقار، اتحاد اور جمہوری اقدار کے خلاف کسی طرز عمل کی اجازت نہیں دی جا سکتی، باہمی احترام اور تنظیمی ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل