Thursday, June 25, 2026
 

کراچی، نو محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات مکمل

 



شہر قائد میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت اور غیرمعمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار جلوس کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق صبح 10 بجے نشتر پارک میں خطیبِ پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی مرکزی مجلسِ عزا سے خطاب کریں گے جس کے بعد دوپہر ایک بجے مرکزی جلوس پاک حیدری اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے شاہنواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی سے آگے بڑھے گا۔ اس دوران ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا کے سامنے عزادار نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔ بعد ازاں جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔ جلوس کے راستوں اور اطراف میں نگرانی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں سے ملحقہ گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر آنے والی مارکیٹوں اور دکانوں کو تین روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت جلوس کے راستے میں واقع بلند عمارتوں پر دوربینوں اور جدید اسلحے سے لیس تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے مکمل چیکنگ کے بعد جلوس کے راستے کو انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ دوسری جانب ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری بھی مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ حد تک متبادل راستوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلوس کے اوقات میں ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل