Loading
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے حال ہی میں تحویل میں لیے گئے جہاز لیونور ڈیوینا کے عملے کے ایران سے تعلق رکھنے والے 22 ارکان بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں اور اب ان کی وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی حکام کی جانب سے حال ہی میں روکے گئے جہاز لیونور ڈیوینا کے 22 ایرانی عملے کے ارکان بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پہنچنے والے 22 ایرانی عملے کے ارکان کی وطن واپسی کے انتظامات جاری ہیں اور اس کے لیے پاکستان میں ایرانی سفارتی مشنز کے ساتھ قریبی تعاون سے ان کی جلد اور محفوظ وطن واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پورے عمل کے دوران پاکستان امریکی اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہا اور گزشتہ دو ماہ کے دوران ایرانی عملے کے ارکان کا یہ چوتھا گروپ ہے، جن کی وطن واپسی پاکستان نے ممکن بنائی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج پاکستان پہنچنے والے 22 افراد سمیت اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کو پاکستانی سرزمین کے ذریعے بحفاظت ایران واپس بھیجا جاچکا ہے۔
نائب وزیراعظم نے اپنے بیان میں ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ٹیم اور تمام متعلقہ پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتا ہوں جنہوں نے ایرانی شہریوں کی محفوظ اور بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل