Friday, June 26, 2026
 

عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس لینے کا عندیہ دے دیا

 



امریکا اور خلیجی ممالک کی مخالفت کے باوجود عمان نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے مخصوص خدمات کے عوض فیس وصول کرنے کا عندیہ دے دیا۔ امریکی جریدے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق عمان نے یورپی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو آلودگی سے محفوظ رکھنے، بحری گزرگاہ کی نگرانی اور جہازوں کو محفوظ راہداری فراہم کرنے کے لیے فیس عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ عمانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے بعد آبنائے ہرمز کو جنگ سے پہلے کی صورتحال میں واپس لانا ممکن نہیں رہا، تاہم عمان بین الاقوامی سمندری قوانین کی مکمل پابندی جاری رکھے گا۔ حکام کے مطابق تجارتی جہازوں سے کسی قسم کا ٹیکس نہیں بلکہ صرف ماحول کے تحفظ اور بحری راہداری کی سہولت فراہم کرنے جیسی خدمات کے بدلے مناسب فیس وصول کی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب قطر نے بھی اس معاملے پر محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔ قطری حکام اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ وہ ایران کے ساتھ مل کر سمندری راستوں پر آنے والے اخراجات اور انتظامات پر بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ٹول یا فیس عائد کرنے کی مخالفت پر مبنی اعلامیے پر عمان اور قطر دونوں نے دستخط کیے تھے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کی فیس یا ٹیکس نہیں ہونا چاہیے اور کوئی بھی ملک اس اہم عالمی بحری گزرگاہ سے گزرنے کے عوض ٹیکس وصول کرنے کا مجاز نہیں۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل