Loading
بلوچستان کے ضلع بارکھان اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 19 کلومیٹرتھی۔ زلزلے کا مرکز بارکھان سے 58 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ زلزلے کے جھٹکے بارکھان کے علاوہ کوہلو، رکھنی اور موسیٰ خیل میں بھی محسوس کیے گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کے باعث ضلع موسیٰ خیل کے علاقے گنگری میں ایک ہوٹل کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 2 مزدور زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے گنگری کے شمالی علاقے میں فضل نامی شہری کا گھر بھی زلزلے کے باعث منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
دریں اثنا متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں جبکہ زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور مزید نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان کے ضلع سبی میں 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کی گہرائی 42 کلومیٹر تھی، تاہم اس زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل