Tuesday, June 30, 2026
 

پہاڑ سے ٹوٹا مٹی کا تودہ موٹر سائیکل سوار کو بہا لے گیا؛ پھر کیا ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

 



بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں شدید بارشوں کے بعد پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے دل دہلادینے والے واقعے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پہاڑی راستے پر رواں دواں تھا کہ جس زمین پر وہ موٹر سائیکل چلا رہا تھا اچانک وہی زمین کھسنے لگی اور وہ مٹی کے بڑے تودے کے ساتھ گہری کھائی میں گرنے لگا۔ نہ صرف موٹر سائیکل کے نیچے سے زمین کھسنے لگی بلکہ اوپر پہاڑ سے بھی ایک بڑا تودا گرا اور مٹی و پتھر کا یہ تیز رفتار طوفان نوجوان کو اپنے ساتھ گھسیٹتا ہوا نیچے گہری کھائی تک لے گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں جائے حادثہ پر موجود افراد کی چیخ و پکار سنی جا سکتی ہے جب کہ نوجوان کو موٹر سائیکل سے اتر کر اپنی جان بچانے کی کوشش کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے جو پہاڑی مٹی کے تودے کے آگے بے بس نظر آتا ہے۔ تاہم چند لمحوں بعد ہی لینڈ سلائیڈنگ کی شدت کم ہو جاتی ہے اور تیز رفتار مٹی کا تودا اب آہستہ آہستہ کھائی جانب بڑھ کر ایک گڑھے کے نزدیک پہنچ کر اس طرح تھم جاتا ہے کہ مٹی کی چٹان بن جاتی ہے۔ یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوتا۔ نوجوان خوش قسمتی سے بچ جاتا ہے اور اسے خراش تک نہیں آئی۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کو کھائی سے بحفاظت نکالا البتہ موٹر سائیکل تباہ ہوگئی۔   سوشل میڈیا صارفین جہاں اس واقعے کو قدرت کا کرشمہ اور دوسری زندگی ملنا قرار دے رہے ہیں وہیں شدید بارشوں میں پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ راستوں پر سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے مودی سرکار کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جن کی غفلت اور ناقص کارکردگی کے باعث ہر مون سون میں سیکڑوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ماحولیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اروناچل پردیش میں بڑھتے ہوئے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کی ایک وجہ غیر منصوبہ بند جنگلات کی کٹائی، پہاڑوں کی کھدائی اور موسمیاتی تبدیلی بھی ہوسکتی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل