Wednesday, July 01, 2026
 

حکومت قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے، وزیر تجارت

 



وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت قابلِ تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتی ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے شفاف، مستحکم اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ ترجمان وزارت تجارت کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوریائی پاور کمپنی (KOEN) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کم من ینگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاکستان کے ہائیڈرو پاور سیکٹر میں کوریائی سرمایہ کاری، سوات میں جاری پن بجلی منصوبوں اور ان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں کمپنی کی سرمایہ کاری، جاری منصوبوں اور فنانسنگ انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کمپنی سوات میں 229 میگاواٹ اسریت کیڈم اور 238 میگاواٹ کالام اسریت ہائیڈرو پاور منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ان منصوبوں کے لیے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام بھی کیا جا چکا ہے۔وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں کوریائی پاور کمپنی ( KOEN ) کی مسلسل دلچسپی اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کمپنی کو درپیش معاملات پر متعلقہ اداروں سے رابطہ اور ممکنہ تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر کوریائی وفد نے پاکستان حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کے ذریعے منصوبوں پر مزید پیش رفت کی امید کا اظہار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل