Wednesday, July 01, 2026
 

سندھ ریونیو بورڈ نے مالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 370 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کر لیا

 



سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) نے مالی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ 370.064 ارب روپے کا ریونیو جمع کرکے نئی تاریخ رقم کر دی۔ ایس آر بی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں مجموعی ٹیکس وصولی میں 20.17 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سندھ سیلز ٹیکس کی مد میں 344.602 ارب روپے جمع کیے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21.2 فیصد زیادہ ہیں۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں 24.435 ارب روپے وصول کیے گئے، جس میں سالانہ بنیاد پر 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح نئے مختص کردہ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی بھی ایک ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔ ایس آر بی کے مطابق جون 2026 کے دوران 45.08 ارب روپے کا ریونیو جمع کیا گیا، جو ادارے کی تاریخ میں کسی بھی ایک ماہ کی سب سے زیادہ وصولی ہے۔ مئی 2026 کے مقابلے میں جون کے مہینے کی ٹیکس وصولی میں 28.3 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ سندھ ریونیو بورڈ کا کہنا ہے کہ کم معاشی ترقی، کاروباری دباؤ اور علاقائی تنازعات جیسے چیلنجز کے باوجود ادارے نے مؤثر ٹیکس انتظامیہ اور اصلاحات کے ذریعے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایس آر بی حکام کے مطابق آئندہ مالی سال 2026-27 میں ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے، ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینے اور ریونیو وصولی میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل