Wednesday, July 01, 2026
 

چین میں کتے کرائے پر حاصل کرنے کی انوکھی سروس متعارف

 



چین میں ایسے افراد کے لیے ایک منفرد سروس متعارف کرائی گئی ہے جو پالتو جانوروں، خصوصاً کتوں، کی صحبت تو پسند کرتے ہیں لیکن ان کی مستقل دیکھ بھال کی ذمہ داری نہیں اٹھانا چاہتے۔ چینی پلیٹ فارم ’وانگ فو‘ نے گزشتہ مارچ میں سوشل میڈیا کے ذریعے کتوں کو گھنٹوں کے حساب سے کرائے پر دینے کی سروس شروع کی، جو اس وقت بیجنگ، شنگھائی اور شین ژین سمیت بڑے شہروں میں دستیاب ہے۔ سروس کے تحت کتے کے مالکان پلیٹ فارم پر اپنے پالتو جانور کی معلومات اور تصاویر اپ لوڈ کرتے ہیں جبکہ دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی پسند کا کتا منتخب کر کے ایک یا دو گھنٹے کے لیے اسے سیر کرانے کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سروس کی فیس 10 سے 60 یوآن (تقریباً ڈیڑھ سے 9 امریکی ڈالر) کے درمیان رکھی گئی ہے۔ پلیٹ فارم نے جانوروں کی حفاظت کے لیے کئی قواعد بھی مقرر کیے ہیں۔ کتے کی حوالگی اور واپسی کا وقت اور مقام مالک اور صارف باہمی رضامندی سے طے کرتے ہیں جبکہ سیر صرف ان علاقوں تک محدود ہوتی ہے جہاں کتا پہلے سے مانوس ہو۔ اس دوران کتے کی نقل و حرکت کو ریئل ٹائم لوکیشن ٹریکنگ کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا ہے اور اگر جانور کے رویے میں کوئی غیر معمولی تبدیلی آئے تو صارف کو فوری طور پر مالک کو اطلاع دینا ہوتی ہے۔ وانگ فو کے مطابق کتے کے مالکان اور صارفین دونوں کے لیے حقیقی شناخت کی تصدیق لازمی ہے جبکہ پلیٹ فارم جانوروں کے لیے انشورنس بھی فراہم کرتا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ یہ منفرد سروس چین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ تاہم، اس پر آراء منقسم ہیں۔ بعض افراد کا خیال ہے کہ اس سے لوگوں میں پالتو جانور اپنانے کا رجحان بڑھ سکتا ہے جبکہ ناقدین کے مطابق مختلف افراد، ماحول اور معمولات میں بار بار تبدیلی کتوں کے لیے ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتی ہے۔ کچھ حلقوں نے مالی فائدے کے لیے پالتو جانوروں کو کرائے پر دینے کے اخلاقی پہلو پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل