Loading
کراچی کے علاقے ڈیفنس کھڈا مارکیٹ میں فلیٹ کے اندر مبینہ طور پر بھانجی کے شوہر کی فائرنگ سے خالہ جاں بحق ہوگئی ، مقتولہ بھانجی اور اس کے شوہر کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں بیچ بچاؤ کرا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 5 کھڈا مارکیٹ فرحان ہوم کے فلیٹ میں فائرنگ سے خاتون شدید زخمی ہوگئی تھی، جنہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
ایس ایچ او درخشاں راشد علی نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 45 سالہ حمیرا امداد کے نام سے ہوئی اور ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ خاتون مذکورہ فلیٹ میں اپنی بھانجی کےگھر آئی ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا مقتولہ کی بھانجی اور اس کے شوہر کے درمیان کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا اور اس دوران مقتولہ حمیرا دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے میں بیچ بچاؤ کرا رہی تھی کہ مبینہ طور پر بھانجی کے شوہر سے گولی چل گئی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئیں۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں تاہم پولیس اس حوالے سے مقتولہ کی بھانجی اور اس کے گرفتار شوہر سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل