Tuesday, July 07, 2026
 

وزیرِ اعظم کی ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

 



وزیرِ اعظم   شہباز شریف نے سمیڈا (SMEDA) پر جائزہ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے بالخصوص کسانوں کی اجناس و پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے انہیں آگاہی اور قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سہولت دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کمرشل بینکوں کی چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے، چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں، سمیڈا نوجوان بشمول خواتین آنٹرپرنیورز کو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔ اجلاس کو سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ایز کی سہولت کیلئے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کیلئے رواں برس 700 ایس ایم ایز کی 16 ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی. اسکے ساتھ ساتھ 35 شہروں میں ایس ایم ایز کو مالی ضابطوں اور کاروبار کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی، اجلاس کو سمیڈا کے تحت مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی.  وزیرِ اعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی کیلئے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔  اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل