Loading
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ لاہور میں غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کی شخص نے مذمت کی اور پنجاب حکومت نے اس معاملے میں کارروائی کی ہے جب کہ ہر فرد اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔
کراچی میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر زراعت محمد بخش مہر، وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں اور وزیر ماہی گیری محمد علی ملکانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ محکمہ خوراک کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں کی مشاورت سے گندم کی یکساں قومی پالیسی بنانا چاہتی ہے، تاہم سندھ حکومت اس پر اپنے تحفظات وفاق کے سامنے رکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے نئی شوگر ملز کے قیام کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے وفاق نے بھی سندھ حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جبکہ شہید بینظیر بھٹو فلائی اوور ایک ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت سندھ فشریز سیکیورٹی کے نام سے ایک نیا ادارہ قائم کر رہی ہے، جو ماہی گیری کے شعبے کی نگرانی اور بہتری میں کردار ادا کرے گا۔
وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے کہا کہ محکمہ خوراک کی ڈیجیٹلائزیشن اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں نے گندم کی امدادی قیمت 3 ہزار 500 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کی تھی، تاہم امدادی قیمت کم ہونے کی وجہ سے خریداری متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق سندھ میں گندم کی بمپر پیداوار ہوئی، لیکن مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ آٹے کی قیمتوں کو بھی قابو میں رکھا جائے گا۔
وزیر زراعت محمد بخش مہر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت زراعت کے لیے بڑے چیلنجز ہیں، اس لیے ڈرپ ایریگیشن متعارف کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کا ضیاع بہت زیادہ ہے اور اس حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سندھ کے 93 فیصد کسان چھوٹے کاشتکار ہیں، جن کے لیے حکومت نے سپورٹ پرائس، سبسڈی اور ہاری کارڈ جیسے اقدامات کیے ہیں، جبکہ ہاری کارڈ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔
وزیر ماہی گیری محمد علی ملکانی نے کہا کہ بغیر لائسنس ماہی گیری کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ماہی گیری کے شعبے کی بہتری کے لیے نیا ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، جو اس شعبے سے متعلق تمام امور کی نگرانی کرے گا۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں شرجیل میمن نے غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص نے اس کی مذمت کی ہے اور پنجاب حکومت نے اس معاملے میں کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہوتا ہے۔
ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اگر جماعت کو سندھ میں پانی، گیس اور بجلی جیسے مسائل پر تحفظات ہیں تو احتجاج کے بجائے حکومت چھوڑ دینی چاہیے۔ انہوں نے ان بیانات کو سیاسی حربہ قرار دیا۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبے میں چھٹا نمبر ملا ہے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک کامیاب منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی مدد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جس بھی سرکاری محکمے میں ایڈوانس ادائیگیوں میں بے ضابطگی سامنے آئی، حکومت اس کے خلاف کارروائی کرے گی، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل