Wednesday, July 08, 2026
 

ڈِیپ سیک کا اپنی اے آئی چِپ پر کام شروع

 



چین کی معروف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کمپنی ڈِیپ سِیک نے امریکی کمپنیوں پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنی اے آئی چِپ تیار کرنا شروع کر دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کی حریف کمپنی ایسی چِپ ڈیزائن کر رہی ہے جو انفیرنس کے مرحلے کے لیے استعمال ہوگی یعنی وہ عمل جس میں پہلے سے تربیت یافتہ اے آئی ماڈل صارفین کے سوالات کے جواب تیار کرتے ہیں۔ یہ چپ نئے اے آئی ماڈلز کی ٹریننگ کے بجائے موجودہ ماڈلز کو زیادہ مؤثر انداز میں چلانے کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔ اگر ڈِیپ سِیک اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو اسے اپنے اے آئی ماڈلز کے لیے درکار ہارڈویئر پر زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا جبکہ امریکی کمپنیوں، خصوصاً این ویڈیا، کی تیار کردہ چپس پر انحصار بھی کم ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی امریکی برآمدی پابندیوں کے ممکنہ اثرات سے بھی کافی حد تک محفوظ رہ سکے گی۔ رپورٹس کے مطابق ڈِیپ سِیک دنیا کی ان بڑی اے آئی کمپنیوں میں شامل ہو گئی ہے جو ہارڈویئر کے شعبے میں خود کفالت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ اوپن اے آئی نے بھی اپنی کسٹم اے آئی چپ تیار کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ ڈِیپ سِیک نے عالمی سطح پر اس وقت غیرمعمولی شہرت حاصل کی تھی جب اس نے ایک سال قبل دو انتہائی مؤثر اے آئی ماڈلز متعارف کرائے، جنہوں نے دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور سیلیکون ویلی اور واشنگٹن کے ٹیکنالوجی حلقوں کو بھی حیران کر دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل