Wednesday, July 08, 2026
 

امریکا میں لارنس بشنوئی پر ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس میں فردِ جرم عائد

 



امریکا میں لارنس بھارتی جرائم پیشہ گروہ بشنوئی گینگ کے سربراہ لارنس بشنوئی پر ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس میں فردِ جرم عائد کردی گئی۔ امریکی حکام کے مطابق لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی ستندر جیت سنگھ المعروف گولڈی برار پر بھی کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی مبینہ سازش کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی ہے۔ حکام کے مطابق الزام ہے کہ دونوں افراد نے 2023 میں ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔ فردِ جرم میں کہا گیا ہے کہ لارنس بشنوئی نے جیل میں قید ہونے کے باوجود مبینہ طور پر اسمگل شدہ موبائل فونز کے ذریعے اپنے ساتھیوں کو ہدایات جاری کیں جبکہ مقتول کی تصاویر اور مختلف مقامات کے پتے بھی فراہم کیے گئے۔ امریکی اٹارنی بل ایسیلی کے مطابق یہ کارروائی ایک وسیع بین الاقوامی آپریشن کا حصہ ہے جس میں امریکا، کینیڈا اور یورپی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے 37 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان پر اغوا، بھتہ خوری، اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ اور قتل سمیت مختلف سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ ایف بی آئی کے مطابق ان جرائم پیشہ نیٹ ورکس نے امریکی ریاست کیلیفورنیا سمیت مختلف علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا قائم کی۔ حکام نے بتایا کہ مزید 10 مطلوب ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ یاد رہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے تعلقات شدید کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل