Loading
پاکستانی اداکارہ اور میزبان مشی خان نے ٹیلی ویژن ڈراموں میں بولڈ مناظر کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندانی تفریح کے نام پر نشر کیے جانے والے ڈراموں کا انداز تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
مشی خان، جو سوشل میڈیا پر سماجی، قومی اور شوبز سے متعلق معاملات پر اپنی رائے کھل کر پیش کرتی رہتی ہیں، نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے پاکستانی ڈراموں کے بدلتے ہوئے مواد پر اپنے تحفظات بیان کیے۔
اپنی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ فلموں، ڈراموں، اسٹیج شوز اور سوشل میڈیا کے ذریعے غیر مناسب مواد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی فلموں اور گانوں میں بھی اس رجحان میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اب پاکستانی ڈرامے بھی اسی سمت بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں، جو ان کے نزدیک تشویش کا باعث ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں اب میاں بیوی کے درمیان گلے ملنے جیسے مناظر معمول بنتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو مستقبل میں بیڈروم سینز یا بوس و کنار جیسے مناظر بھی ڈراموں کا حصہ بن سکتے ہیں، مگر اس حوالے سے سنجیدہ بحث کم دکھائی دیتی ہے۔
View this post on Instagram
مشی خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ڈرامے عام طور پر گھروں میں پورے خاندان اور بچوں کے ساتھ دیکھے جاتے ہیں، اس لیے ان کے مواد کی نوعیت دیگر ذرائع ابلاغ سے مختلف ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ڈراموں میں ایسے مناظر شامل کیے جا رہے ہیں جو ماضی میں عام نہیں تھے، اور اس تبدیلی پر توجہ دینا ضروری ہے۔
ان کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء دیکھنے میں آئیں۔ متعدد صارفین نے مشی خان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ خاندانی ڈراموں میں مواد کے انتخاب پر احتیاط برتنی چاہیے، جبکہ بعض صارفین نے اس معاملے پر مختلف نقطۂ نظر بھی پیش کیا۔ مجموعی طور پر ان کی ویڈیو نے پاکستانی ڈراموں کے بدلتے رجحانات پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل