Loading
معروف پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی نے سابق قومی فاسٹ بولر شعیب اختر کے ساتھ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر سامنے آنے والی قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے درمیان کسی قسم کی ناراضی یا اختلاف نہیں، بلکہ دونوں کی ملاقات تقریب کے آغاز سے پہلے ہی ہو چکی تھی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد بعض صارفین نے یہ تاثر دینا شروع کر دیا کہ ڈکی بھائی نے ایک تقریب کے دوران شعیب اختر کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔ اس ویڈیو کی بنیاد پر مختلف سوشل میڈیا پیجز اور صارفین نے دونوں شخصیات کے تعلقات سے متعلق متعدد قیاس آرائیاں بھی کیں۔
ان افواہوں پر ردِعمل دیتے ہوئے ڈکی بھائی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وضاحت کی کہ تقریب شروع ہونے سے پہلے وہ شعیب اختر سے نجی طور پر مل چکے تھے۔ ان کے مطابق دونوں نے ایک دوسرے سے سلام دعا کی، مختصر گفتگو بھی ہوئی، جس کے بعد شعیب اختر اسٹیج پر چلے گئے۔
View this post on Instagram
یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ چونکہ کیمروں سے ہٹ کر ملاقات پہلے ہی ہو چکی تھی، اس لیے دوبارہ صرف کیمرے کے سامنے ملنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر غلط تاثر قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ڈکی بھائی نے مزید کہا کہ ان کا اور شعیب اختر کا پیشہ ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے، اس لیے دونوں کے درمیان ایسا کوئی ذاتی یا پیشہ ورانہ تعلق نہیں کہ ہر ملاقات کو عوامی انداز میں ظاہر کرنا ضروری ہو۔ ان کے بقول وہ نہ کرکٹر ہیں اور نہ ہی شعیب اختر وی لاگر، اس لیے دونوں کے شعبۂ کار الگ ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ معمولی نوعیت کے واقعات کو غیر ضروری تنازع کا رنگ دینے سے گریز کریں اور بغیر تصدیق کے افواہیں پھیلانے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل